Skip to content

میرے جیسے بے ہنر سے بھی حسد کرتے ہیں آپ

میرے جیسے بے ہنر سے بھی حسد کرتے ہیں آپ
آفریں ہے آپ پر بھی، حد پہ حد کرتے ہیں آپ

ہر کسی کے کام آنا بھی کہاں کی خیر ہے
یعنی میرے دشمنوں کی بھی مدد کرتے ہیں آپ

بے مروّت ہیں تو کیا ہے باکرامت بھی تو ہیں
میرے جیسے مجنوؤں کو با خرد کرتے ہیں آپ

آپ کی تردید بھی ہے اک سند میرے لئے
اتنا ہی مقبول ہوں میں جتنا رد کرتے ہیں آپ

دوسروں کو بھی ظفرؔ تسلیم کرنا سیکھیے
اپنے حق میں تو برابر شدومد کرتے ہیں آپ